زاہد بشیر
گول//گول اور اس کے نواحی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے ہونے والی شدید موسلا دھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔ مسلسل بارش کے باعث کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا، جبکہ متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے لوگوں کی گھریلو اشیاء، اناج اور دیگر قیمتی سامان کو بھی نقصان پہنچا۔ابھی تک جو اطلاعات ہمارے تک پہنچی ہیں ان کے مطابق کئی مقامات پر نالوں اور برساتی پانی کے نکاس کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، جس سے مکانات، رابطہ سڑکوں اور زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا۔ متاثرہ خاندانوں نے بتایا کہ پیشگی موسمی انتباہ کے باوجود متعلقہ محکموں کی جانب سے مؤثر حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔جن کے گھروں کو شدید بارشوں سے نقصان پہنچا ہے ان میں جماعت علی شاہ ساکنہ ملاکنڈ۔عبدالغنی وانی ساکنہ ہارہ۔ محمد شفیع ولد سلیمان ساکنہ ملاکنڈ۔محمد حنیف ولد محمد عبداللہ تراگوال ساکنہ گول جمن،حمیداللہ ولد علی محمد کشمیری ساکنہ بھیمداسہ کے رہائشی مکانات شامل ہیں۔ اس دوران ملکہ پورہ موئلہ میں اراضی دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے کئی رہائشیوں کو ڈگری کالج میں قیام کروایا گیا اور لوگوں نے قیمتی سامان نکالنا شروع کر دیا۔ انتظامیہ موئلہ متاثرین کے ساتھ رابطے میں ہے۔مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کروا کر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب مالی امداد اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ عوام نے مستقبل میں ایسے حالات سے نمٹنے کے لئے نکاسی ٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔