پانچ روزہ موسلا دھار بارش کے بعد ڈوڈہ میں موسم صاف ہوا | عوام نے لی راحت کی سانس، مسلسل بارشوں سے بنیادی نظام متاثر
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں مسلسل پانچ روز تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش جمعہ کی دوپہر کے بعد تھم گئی، مطلع صاف ہونے اور دھوپ نکلنے سے عوام نے وقتی طور پر راحت کی سانس لی تاہم مسلسل بارشوں کے باعث ضلع کے بیشتر علاقوں میں معمولاتِ زندگی تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکے ہیں اور بنیادی سہولیات بری طرح متاثر ہیں۔بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں پسیاں گرنے اور پہاڑی کھسکنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں کئی رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں جبکہ متعدد دیہات کا زمینی رابطہ بھی عارضی طور پر منقطع رہا۔سینکڑوں رہائشی مکانات، دکانوں اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مسلسل بارشوں سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔دوسری جانب بجلی کا ترسیلی نظام بھی کمزور پڑ گیا ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر رہی۔دیہی علاقوں میں پیدل راستے، گلی کوچے اور رابطہ سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہیں، جبکہ کئی مقامات پر سڑکوں کو شدید نقصان پہنچنے سے آمد و رفت دشوار ہو گئی ہے۔ندی نالوں میں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بلند ہونے کے باعث کئی عارضی پل اور رابطہ راستے سیلابی ریلوں میں بہہ گئے، جس سے دور دراز آبادیوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بحالی، معاوضہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔