عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی حکومت نے لوک سبھا کو بتایا ہے کہ پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت جاری کئے گئے تمام ایل پی جی کنکشن ملک بھر میں فعال ہیں اور یکم جولائی 2026 تک اس اسکیم سے مستفید ہونے والوں کی تعداد تقریبا 10.58 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ جموں و کشمیر میں اس اسکیم کے تحت مستفیدین کی تعداد بڑھ کر 12 لاکھ 80 ہزار 546 (تقریبا 12.81 لاکھ) ہو گئی ہے، جو یکم اپریل 2020 میں 12 لاکھ 30 ہزار 997 تھی۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی گیس سریش گوپی نے لوک سبھا میں تحریری جواب میں بتایا کہ مئی 2016 میں شروع کی گئی اس اسکیم کے تحت غریب خاندانوں کی بالغ خواتین کو مفت ایل پی جی کنکشن فراہم کئے جا رہے ہیں اور تمام جاری شدہ کنکشن فعال ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لداخ میں بھی اس وقت 11 ہزار 81 مستفیدین اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔حکومت نے ایوان کو بتایا کہ سال 2025-26کے دوران پی ایم یو وائی مستحقین کی اوسط سالانہ گیس کھپت 4.71 سلنڈر رہی، جس کی بنیاد پر حکومت چار ریفل تک ہدفی سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ ضرورت مند خاندانوں کو مناسب امداد مل سکے اور سبسڈی کا مو ثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔وزیر نے بتایا کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے باعث بین الاقوامی سطح پر ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور جون 2026 میں سعودی کنٹریکٹ پرائس 796 امریکی ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔ اس کے باوجود حکومت نے 14.2 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 942 روپے برقرار رکھی ہے، جبکہ اجولا یوجنا کے مستحقین کو 300 روپے فی سلنڈر سبسڈی ملنے کے بعد مو ثر قیمت 642 روپے ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ حکومت کے مطابق جولائی 2026 میں بھی ہر سلنڈر پر 500 روپے سے زائد کی بالواسطہ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں 2021-22کے دوران 1 لاکھ 44 ہزار 314 مستحقین نے کوئی ریفل حاصل نہیں کیا، جبکہ 8 لاکھ 52 ہزار 934 صارفین نے ایک سے چار ریفل اور 2 لاکھ 41 ہزار 599 صارفین نے چار سے زائد ریفل حاصل کئے۔