واڑون میں عارضی پل دریابرد، فامبر میں کچا مکان گرنے سے 25بھیڑیں ہلاک
عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑضلع بھر میں جاری مسلسل بارشوں سے چوتھے روز بھی معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوکررہ گئے ۔خراب موسمی حالات کے پیش نظر اہم قومی شاہراہیں دوسرے روز بھی آمد و رفت کے لیے بند رہیں۔مسلسل بارشوں کی وجہ سے دریا چناب اور دریا مدھوسدر میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے اور دونوں دریاؤں میں شدید طغیانی دیکھی جا رہی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وہیں تحصیل واڑون میں شدید بارشوں کے باعث ایک عارضی پل دریا برد ہو گیا۔ واڑون کے براین میں موجود لکڑی کا پل تیز بہائو میں دریا میں بہہ گیا جس کے نتیجے میں کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
ادھر کشتواڑ اننت ناگ و بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت دوسرے روز بھی متاثر رہی۔ متعدد مقامات پر دونوں سڑک پسیاں گرآنے کے سبب بند ہوگئی تھیں۔ضلع کی اندرونی سڑک رابطوں پر ٹریفک بلاخلل جاری رہا ۔ تحصیل درابشالہ میں رہایشی مکان کو مسلسل بارشوں کے سبب شدید نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہ ہوئی وہیں چھاترو کے فامبر علاقے میں کچا مکان گرنے کے سبب اسمیں موجود 25بھیڑیں ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ۔اس دوران میدانی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جسے عام زندگی بری طرح متاثر ہوکررہ گئی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔