عاصف بٹ
کشتواڑ //مسلسل ہورہی بارشوں کے سبب دریائے چناب میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافے کے باعث 850میگاواٹ زیرِ تعمیر ریتلے ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کا عارضی کوفر ڈیم متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد پروجیکٹ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔ذرائع کے مطابق حالیہ شدید بارشوں اور بالائی علاقوں سے پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کے نتیجے میں دریائے چناب میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے باعث زیرِ تعمیر منصوبے کے حفاظتی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد پروجیکٹ انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کردئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم کوفر ڈیم کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت اور اس سے منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں پر پڑنے والے اثرات کا مکمل اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ متعلقہ تکنیکی ماہرین صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ اسے قبل زیر تعمیر کوار پاور پروجیکٹ کے گیٹ کو بھی کھول دیاگیاتھا جسے پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا تھا۔