عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے جموں کے اکھنور علاقے کے کھوڑ کے پرگوال سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے راستے ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب بی ایس ایف کے اہلکاروں نے کھوڑ کے ملابیلا بارڈر آؤٹ پوسٹ (بی او پی) کے قریب بین الاقوامی سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ایک پاکستانی شہری کو حراست میں لے لیا۔ذرائع نے بتایاکہ “سرحد کے قریب مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد بی ایس ایف کے سنتری نے اسے کئی مرتبہ خبردار کیا، لیکن وہ مسلسل ہندوستانی حدود کی جانب بڑھتا رہا، جس پر اہلکاروں نے اسے قابو میں کر کے حراست میں لے لیا۔”گرفتار شخص کی شناخت پاکستان کے پنڈی گاؤں کے رہائشی محمد رفیق عرف کالا (53 سال) کے طور پر ہوئی ہے ۔حکام کے مطابق، ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ وہ اپنی شادی شدہ بہن سے ملنے کے لیے لونی گاؤں (پاکستان) سے نکلا تھا اور جنگ گاؤں (پاکستان) کی جانب جا رہا تھا۔حکام نے بتایا کہ اس کے قبضے سے پاکستانی قومی شناختی کارڈ، چشمہ، سگریٹ کا پیکٹ، لائٹر، تمباکو، ایک بٹوہ اور کچھ کھانے پینے کا سامان برآمد ہوا ہے ۔ مزید تفتیش جاری ہے ۔