عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں گزشتہ روز سے جاری موسلا دھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ جسکے سبب عام زندگی مفلوج ہوکرر ہ گئی ہے۔ دیہی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق دوسرے روز بھی میدانی و بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہی ۔ بالائی علاقہ جات مڑواہ واڑون، دچھن ،پاڈر، چنگام ،درابشالہ، بونجواہ میں جم کر بارشیں ہوئی جسے ان علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ بارشوں کی وجہ سے کئی اندرونی سڑکیں جزوی طور پر متاثر ہوئیں اور کچھ مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، تاہم ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے حساس علاقوں میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع کی اہم قومی شاہراہوں سنتھن۔اننت ناگ و بٹوت۔کشتواڑ رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بلا خلل جاری ہے، جو کہ مسافروں کے لیے کسی حد تک اطمینان کا باعث ہے۔ متعلقہ محکمہ جات سڑکوں کو قابلِ آمدورفت رکھنے کے لیے متحرک ہیں اور جہاں کہیں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں انہیں فوری طور پر دور کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے، ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔