دریائے توی میں پانی کی سطح بلند،انتظامیہ نے جاری کی احتیاطی ہدایات
کیف حسن زیدی
جموں// جموں شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری موسلا دھار بارش نے عام زندگی کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ کئی سڑکوں پر ٹریفک کی رفتار سست پڑ گئی۔ آسمان پر چھائے گہرے بادل، وقفے وقفے سے ہونے والی کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار ضرور بنایا، تاہم شہریوں کو آمدورفت میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سب سے زیادہ تشویش دریائے توی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کو لے کر دیکھی جا رہی ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں دریا کا پانی مٹی آلود ہونے کے ساتھ ساتھ تیز بہاؤ اختیار کر چکا ہے۔ اگرچہ انتظامیہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم شہریوں کو غیر ضروری طور پر دریا کے کناروں کا رخ نہ کرنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔شہر کے مختلف پلوں پر معمول کے مطابق ٹریفک جاری رہی، تاہم بارش کے باعث گاڑیوں کی رفتار میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ دو پہیہ گاڑی سواروں اور پیدل چلنے والوں کو خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے آمدورفت متاثر رہی۔ادھر محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند دنوں تک جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مزید بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔رینج پولیس ہیڈکوارٹرز جموں نے دریائے توی میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد ایک پبلک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں سے انتہائی احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔پولیس نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ دریائے توی کے کناروں کے قریب جانے سے مکمل گریز کریں،پلوں پر کھڑے ہو کر پانی کا نظارہ نہ کریں اور نہ ہی نیچے جھانکیں،دریا یا پلوں پر سیلفیاں لینے اور ویڈیوز بنانے سے اجتناب کریں،سوشل میڈیا کے لیے خطرناک مقامات پر جا کر فوٹو یا ویڈیو نہ بنائیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر 112 پر رابطہ کریں،پولیس نے واضح کیا ہے کہ دریائے توی میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کسی بھی وقت خطرناک صورت اختیار کر سکتی ہے، اس لیے عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔دریں اثناء، وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ جموں ڈویژن کے گرمائی و سرمائی زونزکے اسکول اب پیر، 27جولائی 2026کو دوبارہ کھلیں گے۔