سمرولی کے نزدیک شاہراہ کی نچلی سڑک میں دراڑیں ،بحالی کا کام جاری
محمد تسکین
بانہال// 270کلومیٹر لمبی جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ کے ادھم پور، رام بن اور بانہال سیکٹروں میں منگل کی صبح سے ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ادھم پور اور رام بن ضلع میں شاہراہ کی اپ ٹیوب متعدد مقامات پر مٹی کے تودے اور پہاڑیوں سے گرنے والے پتھروں کی زد میں آ گئی ہے ۔ تاہم ٹریفک انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک کو متبادل ڈاؤن ٹیوب کے ذریعے جاری رکھا ہوا ہے۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسلسل بارشوں کے باعث ادھم پور ضلع میں شاہراہ کی اپ ٹیوب پر واقع شاردہ ماتا مندر، تھرڈ، بلی نالہ اور کھیری کے مقامات پر پسیاں اور پہاڑوں سے پتھروں کے گرآنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جس کے بعد احتیاطی طور پر تمام گاڑیوں کو ڈاؤن ٹیوب سے گزارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ادہم پور اور بانہال کے درمیان ایک درجن کے مقامات پر ہلکے ہلکے پتھر گر رہے ہیں تاہم اس سے امدورفت متاثر ہوئے بغیر جاری رہی۔ ٹریفک حکام کے مطابق چینینی اورجکھینی کے درمیان بھی پیر کی صبح مٹی کے تودے اور پتھر گرنے سے پہاڑ کے دامن سے گزرنے والی سڑک کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی تھی، تاہم فوری بحالی کے بعد اسے دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل دریائے توی میں آنے والے سیلابی ریلے سے دیول کے مقام پر حال ہی میں مرمت شدہ ڈاؤن ٹیوب کو دوبارہ نقصان پہنچا، جس کے باعث وہاں ٹریفک کو اپ ٹیوب سے گزارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمرولی کے نزدیک شاہراہ کی ڈاؤن ٹیوب کے قریب تقریباً ڈیڑھ سو میٹر طویل حصے میں دراڑیں بھی نمودار ہوئی ہیں، جس کے باعث مسلسل یا مزید شدید بارشوں کی صورت میں اس حصے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ برقرار ہے اور ایسی صورت میں یہاں بھی ٹریفک کو ایک ہی ٹیوب سے گزارا جا سکتا ھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر گرنے والے ملبے اور پتھروں کو ہٹانے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی مشینری اور عملہ خراب موسم کے باوجود مسلسل بحالی کے کام میں مصروف ہے اور متعدد مقامات پر سڑک کو صاف کیا گیا ہے ۔ ٹریفک حکام کے مطابق منگل کی شام تک ہزاروں مسافر گاڑیاں دونوں اطراف کے ٹریفک میں سفر کر چکی تھیں، جبکہ وادی کشمیر سے جموں جانے والے ٹرکوں اور خالی ٹینکروں کو مقررہ اوقات کے مطابق روانگی کی اجازت دی گئی ہے اور شام تک ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران رامبن کے سیری علاقے میں بھی تیز بارشوں کیوجہ سے ایک نالے کا سارا ملبہ سڑک کی اوپری ٹیوب پر جمع ہوگیا اور بعد میں نیشنل ہائے وے آتھارٹی آف انڈیا کی مشینری کی مدد سے سڑک پر گر آئے ملبہ اور پتھروں کو صاف کرکے اسے قابل امدورفت بنایا گیا اور اس دوران ٹریفک کو نچلی سڑک سے نکالاگیا ۔واضح رہے کہ پچھلے سال اپریل کے مہینے جموں سرینگر قومی شاہراہ کے چینینی اور جھکینی ادہم پور کے درمیان شاہراہ کے بہہ جانے ، پلوں کے منہدم ہوجانے اور زمین کھسکنے کیوجہ سے شاہراہ کو شدید نقصان پہنچا تھا اور مجموعی طور پر شاہراہ کم از کم 22 روز تک بند رہی تھی اور گزشتہ روز سے ہورہی بارشوں کیوجہ سے سمرول ، تھرڈ، دیول ، بلی نالہ سمیت دیگر کئی مقامات پر شاہراہ کے ایکبار پھر پسیوں ، پتھروں اور سیلابی ریلوں کی زد میں آنے کا خدشہ ہے اور یہ سلسلہ پیر سے شروع بھی ہو چکا ہے۔