عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/بڈگام کے اومپورہ اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گھومنے والے تیندوے کو محکمۂ جنگلی حیات نے پیر کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (NIFT) کے احاطے سے زندہ پکڑ لیا، جس کے بعد مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ جنگلی جانور کی متعدد بار موجودگی کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ محکمۂ جنگلی حیات نے تیندوے کو قابو میں کرنے کے لیے مختلف حساس مقامات پر پنجرے نصب کیے تھے، جن میں سے NIFT کے احاطے میں نصب پنجرے میں تیندوا زندہ پھنس گیا۔
عہدیدار کے مطابق، ’’تیندوے کو محکمۂ جنگلی حیات کے ضابطوں کے مطابق اس کے قدرتی مسکن میں منتقل کیا جائے گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ تیندوے کی کامیاب گرفتاری کے بعد مقامی باشندوں میں اطمینان پایا جا رہا ہے اور علاقے میں معمولاتِ زندگی بحال ہو رہے ہیں۔
اومپورہ بڈگام میں کئی روز سے خوف و ہراس پھیلانے والا تیندوا زندہ پکڑا گیا