عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/// سرینگر کے بلبل باغ علاقے میں دودھ گنگا نالے سے نکالے گئے ایک نوعمر لڑکے کی جمعرات کو اسپتال میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق پولیس نے بلبل باغ میں دودھ گنگا کے گیج پوائنٹ کے نزدیک تقریباً 16 سالہ لڑکے کو بے ہوشی کی حالت میں نالے سے نکالا اور فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ لڑکے کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اس کی شناخت عنایت قاسم، ساکن بٹہ مالو، سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کے حالات و اسباب معلوم کرنے کے لیے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ادھر پولیس نے ضلع کولگام میں 11 سالہ بچی کی جان لیوا ہٹ اینڈ رن کے سنسنی خیز مقدمے کو حل کرتے ہوئے ملزم کو اتر پردیش سے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ حادثے میں استعمال ہونے والی گرینڈ وٹارا گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ارون گپتا ساکنہ بہرین باغ، ضلع بارہ بنکی، اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 10 جولائی کو ویسو کولگام کے کے پی کالونی کے نزدیک پیش آیا تھا، جہاں ایک نامعلوم گاڑی نے 11 سالہ بچی کو ٹکر مار دی تھی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا، جبکہ زخمی بچی کو فوری طور پر گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔واقعے کے بعد پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور کیس کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔تحقیقات کے دوران پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا، شواہد اکٹھے کیے اور جدید تکنیکی ذرائع سے ملنے والی معلومات کی مدد سے حادثے میں ملوث گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی شناخت ممکن بنائی۔