عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں سابق آئی اے ایس آفیسر پی ڈبلیو سی ڈیودار نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں مختلف محکموں میں سرکاری طریقہ کار کو آسان بنانے کے لئے ایک جامع روڈ میپ پر غوروخوض کیا گیا تاکہ شہریوں کے لئے ‘ ایز آف لیونگ ‘ کو یقینی بنایا جا سکے اور یونین ٹیریٹری میں زیادہ مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی قائم کی جا سکے۔تامل ناڈو حکومت کے ‘سمپل گَو ‘اقدام کے مشیر پی ڈبلیو سی ڈیودار نے تامل ناڈو میں حکمرانی کو آسان بنانے کے کامیاب ماڈل پر تفصیلی پرزنٹیشن دی۔ اْنہوں نے بتایا کہ ریاست میں اِنتظامی اِصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے سرکاری عمل کو کس طرح مؤثر اور آسان بنایا گیا۔ڈیودار نے اَپنی پرزنٹیشن کے دوران کہا کہ آسان بنانے کی مشق میں عوامی خدمات کے تینوں زمروں کو شامل کیا جانا چاہئے جن میں گورنمنٹ ٹو سٹیزن (جی ٹو سی)، گورنمنٹ ٹو بزنس (جی ٹو بی) اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (جی ٹو جی) شامل ہیں جس کا بنیادی مقصد تعمیل کے بوجھ کو کم کرنا ہے جبکہ خدمات کی کارکردگی اور شفافیت کو بہتر بنانا ہے۔اْنہوں نے ان غیر ضروری طریقہ کار کے تقاضوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جیسے سرٹیفکیٹس اور دستاویزات کی فزیکل جمع کروانا، متعدد نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سیز)، لائسنس، اِجازت ناموں اور دیگر بار بار دہرائے جانے والے ضابطے ختم کئے جائیں کیوں کہ یہ شہریوں اور کاروباری اِداروں کے لئے تاخیر اور مشکلات کا سبب بنتے ہیں۔
میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ جموں و کشمیر میں’ سمپل گَو’ اقدام کی عمل آوری کی نگرانی کے لئے ایک مضبوط، کثیر سطحی مانیٹرنگ فریم ورک قائم کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت اِبتدائی مرحلے میں اِصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لینے کے لئے ایک سکریننگ کمیٹی جبکہ مجموعی پالیسی رہنمائی، پیش رفت کی نگرانی اور بروقت عمل درآمد کے لئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک بااِختیار کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر اِنتظامی اصلاحات عملانے کے لئے ضروری اِنتظامی صلاحیت، اِدارہ جاتی فریم ورک اور سیاسی عزم موجود ہے۔اْنہوں نے کہا کہ تقریباً 1,500 سرکاری خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جو اِنتظامی اِصلاحات کے اگلے مرحلے کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔اْنہوں نے کامیاب ماڈلز سے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ جموں و کشمیر کے افسران کا ایک وفد چنئی کا مطالعاتی دورہ کرے تاکہ تامل ناڈو کے’ سمپل گَو ماڈل’ کا عملی مشاہدہ کیا جا سکے۔ اْنہوں نے کہا کہ اس سے بہترین طریقہ کار سے آگاہی حاصل ہوگی اور جموں و کشمیر میں آسان ، زیادہ شفاف اور شہری دوست طرزِ حکمرانی کی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔دورانِ میٹنگ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، صحت و طبی تعلیم، منصوبہ بندی، ترقی و نگرانی اور مکانات و شہری ترقی محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں اور سینئر اَفسران نے اَپنے اَپنے محکموں میں خدمات کو آسان بنانے کے حوالے سے اَب تک کی پیش رفت کو پیش کیا۔ اْنہوں نے پہلے سے کی گئی اِصلاحات، عمل درآمد کے دوران درپیش چیلنجوںاور ترجیحی بنیادوں پر مزید آسان بنائی جانے والی خدمات کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کیں۔