عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے جمعرات کو بارہمولہ سے رکنِ پارلیمنٹ انجینئر رشید کو 20 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہنے والے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں حراستی پیرول (کسٹڈی پیرول) پر شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ انجینئر رشید کو اجلاس کے تمام دنوں میں پولیس کی سخت نگرانی اور تحویل میں پارلیمنٹ لے جایا جائے گا۔ یہ حکم نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے خصوصی جج پرشانت شرما نے انجینئر رشید کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے بعد صادر کیا۔ درخواست میں پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں بطور منتخب رکنِ پارلیمنٹ شرکت کی اجازت طلب کی گئی تھی۔عدالت نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے حراستی پیرول کی اجازت دی۔ حراستی پیرول کے تحت قیدی کو مسلح پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں مقررہ مقام تک لے جایا جاتا ہے اور کارروائی مکمل ہونے کے بعد دوبارہ جیل منتقل کیا جاتا ہے۔عدالتی کارروائی بند کمرے (اِن کیمرا) میں انجام دی گئی۔