یو این آئی
بارسلونا/فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کی 19 سال پرانی تصاویر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جنہوں نے فٹبال شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے ۔یہ تصاویر 2007 میں اس وقت لی گئی تھیں جب چھ ماہ کے لامین یامال نے ایک خیراتی مہم کے تحت ایف سی بارسلونا کے فوٹو شوٹ میں حصہ لیا تھا، جہاں اس وقت کے 20 سالہ لیونل میسی نے انہیں پلاسٹک کے ٹب میں نہلاتے ہوئے تصاویر بنوائی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اس فوٹو شوٹ کے لیے لامین یامال کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوا تھا، جبکہ ان کی والدہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔فوٹوگرافر جان مونفورٹ نے بتایا کہ اس وقت میسی نہایت شرمیلے مزاج کے تھے اور ابتدا میں انہیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ ننھے بچے کو کس طرح گود میں اٹھایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ فوٹو شوٹ مکمل ہونے کے بعد ان کے ایک دوست نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ “میسی نے گویا اس بچے کو برکت دے دی ہے ۔”اب تقریباً دو دہائیوں بعد وہی بچہ عالمی فٹبال کا ابھرتا ہوا ستارہ بن چکا ہے ، جبکہ لیونل میسی کو تاریخ کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار کیا جاتا ہے ، جس کے باعث یہ تصاویر ایک بار پھر شائقین کے لیے دلچسپی کا مرکز بن گئی ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا اور اسپین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں لیونل میسی اور لامین یامال پہلی بار عالمی کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے ۔