نواز رونیال
رام بن/ جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رام بن کے قریب شوٹنگ اسٹون (پہاڑی سے پتھر گرنے) کے ایک افسوسناک حادثے میں سابق سرپنچ محمد اقبال تانترے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق محمد اقبال تانترے، جو ضلع رام بن کے گاؤں سیری کے سابق سرپنچ تھے، بدھ کے روز رام بن قصبے میں ایک شخص کو چھوڑنے کے بعد واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔ اسی دوران تریشول موڑ کے قریب اچانک پہاڑی سے ایک بڑا پتھر لڑھک کر ان کی گاڑی پر آ گرا۔
پولیس نے بتایا کہ پتھر سیدھا محمد اقبال تانترے کے سر پر لگا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
محمد اقبال تانترے کی اچانک اور المناک موت کی خبر پھیلتے ہی گاؤں سیری سمیت ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی لوگوں نے انہیں ایک باوقار عوامی نمائندہ قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔
رام بن میں قومی شاہراہ پردلخراش حادثہ، سابق سرپنچ محمد اقبال تانترے جاں بحق