محتشم احتشام
پونچھ//سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ یاترا کا پہلا قافلہ 17 اگست کو جموں سے ضلع پونچھ کے لیے روانہ ہوگا۔ اس بات کا اعلان ڈشنامی اکھاڑہ مندر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جہاں یاترا کی تیاریوں اور مختلف انتظامی امور پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔بجرنگ دل کے آل انڈیا صدر کرشنا پرجاپت نے کہا کہ اس سال کی بڈھا امرناتھ یاترا کے تمام انتظامات آخری مرحلے میں ہیں اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے یاترا کو کامیاب، پْرامن اور منظم بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی سلامتی، سہولت اور بہتر رہنمائی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ ان کو دورانِ سفر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کرشنا پرجاپت کے مطابق امسال یاترا میں ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے، جس کے پیش نظر بجرنگ دل کے رضاکار پورے یاترا روٹ پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ رضاکار یادتریوں کی رہنمائی، سہولت اور دیگر ضروری امور میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے تاکہ مذہبی سفر خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، سیکورٹی ادارے اور متعلقہ محکمے باہمی اشتراک سے تمام بنیادی انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔یاترا کے دوران ٹریفک، طبی سہولیات، قیام و طعام، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ بڈھا امرناتھ یاترا جموں و کشمیر کی اہم مذہبی یاتراؤں میں شمار کی جاتی ہے، جس میں ہر سال ملک بھر سے بڑی تعداد میں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔اس یاترا کے انعقاد سے نہ صرف مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی روابط کو فروغ ملتا ہے بلکہ ضلع پونچھ میں سماجی و معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔انتظامیہ اور متعلقہ تنظیموں نے امید ظاہر کی ہے کہ امسال کی یاترا بھی پْرامن ماحول میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔