محمد تسکین
بانہال // امرناتھ یاتراکے ساتویں قافلے میں شامل 9,837یاتری بدھ کی علی الصبح جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان کشمیر کی جانب روانہ ہوئے۔رام بن ضلع اور اس سے ملحقہ علاقوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والی ہلکی بارش سے جاری گرمی سے خاطر خواہ راحت ملی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور بہتر موسمی حالات نے جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے یاتریوں کے لیے بھی سفر کو زیادہ آرام دہ بنا دیا۔زونل پولیس کنٹرول روم جموں کے مطابق ساتویں قافلے کو معمول کے مطابق دو حصوں میں تقسیم جاتا ہے اور 4,480یاتری بالتل کے راستے سے جبکہ 5,357یاتری روایتی پہلگام کے راستے سے مقدس گپھا کی طرف روانہ ہوئے۔بالتل کے قافلے میں 4,480 یاتری 173 گاڑیوں میں سوار تھے، کو بدھ کی صبح 4:20 بجے جموں سے روانہ ہوا، جبکہ پہلگام روٹ کا قافلہ 5,357 یاتریوں کو لے کر 188 گاڑیوں کے ساتھ صبح 4:54 بجے روانہ کیا گیا۔ مجموعی طور پر 361گاڑیاں، جن میں 200 بسیں، 58 میڈیم موٹر وہیکلز اور 103 لائٹ موٹر وہیکلز شامل تھیں، یاتریوں کی آمدورفت کے لیے تعینات کی گئیں۔قافلے میں 6,684 مرد، 2,730 خواتین، 21 بچے، 320 سادھو، 80 سادھویاں اور 2 خواجہ سرا عقیدت مند بھی شامل ہیں۔یاتریوں کا یہ قافلہ رامبن ضلع سے سخت حفاظتی اور ٹریفک انتظامات کے تحت گزر ا۔ انتظامیہ نے بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں تک یاتریوں کی محفوظ، پُرامن اور بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے اور دونوں قافلے اپنے بیس کیمپوں پر پہنچ گئے۔