عشرت حسین بٹ
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے آرائی ملکاں علاقے میں منگل کے روز ایک خاتون پر ریچھ کے خونریز حملے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔ خاتون گھر کے باہر معمول کے گھریلو کام انجام دے رہی تھیں کہ اچانک جنگل سے نکل کر آنے والے ریچھ نے ان پر حملہ کر دیا اور انہیں شدید زخمی کر دیا۔ یہ گزشتہ تین روز کے دوران تحصیل منڈی میں ریچھ کے حملے کا تیسرا واقعہ ہے، جس کے باعث مقامی آبادی شدید تشویش میں مبتلا ہے۔تعظیم اختر زوجہ محمد تاج اپنے گھر کے قریب کام میں مصروف تھیں کہ اچانک ایک ریچھ نمودار ہوا اور ان پر حملہ آور ہوگیا۔ ریچھ کے حملے سے خاتون شدید زخمی ہو گئیں اور ان کے جسم پر گہرے زخم آئے۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر آس پاس موجود لوگ فوری طور پر موقع پر پہنچے، جس کے بعد ریچھ جنگل کی طرف فرار ہو گیا۔مقامی لوگوں نے زخمی خاتون کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منڈی منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں بہتر علاج کے لیے ضلع اسپتال پونچھ ریفر کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران سوجیاں، لوران اور اب آڑائی ملکاں میں ریچھ کے حملوں کے مسلسل واقعات پیش آ چکے ہیں، جس سے عوام میں شدید خوف پیدا ہو گیا ہے۔ دیہی علاقوں کے لوگ خصوصاً خواتین، بزرگ اور بچے گھروں سے باہر نکلنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں جبکہ کسان بھی کھیتوں میں جانے سے گریز کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے محکمہ جنگلات اور محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ ریچھ کی نقل و حرکت پر فوری نظر رکھی جائے اور جنگلی جانور کو محفوظ طریقے سے قابو میں لے کر آبادی سے دور منتقل کیا جائے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرہ خاتون کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے اور حساس علاقوں میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔