رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں کے اکھنور سب ڈویژن کے چوکی چورا علاقے کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک المناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے، جب ان کی کار بے قابو ہو کر شاہراہ سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب رجسٹریشن نمبر JK11A-4854 والی کار جموں سے راجوری کی جانب جا رہی تھی۔ راستے میں چوکی چورا کے قریب ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں کار سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں تین نوجوان سوار تھے۔
حادثے میں راجو شرما ولد دیو راج، ساکن کالاکوٹ، موقع پر ہی دم توڑ گئے۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت روشن لال ولد شام لال، ساکن کانگری بیری پتن، اور تشہر رینہ ولد مدن لال، ساکن کالاکوٹ، کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں کی مدد سے کھائی سے نکال کر علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی انجام دی۔ جاں بحق نوجوان کی لاش کو قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری یا رات کے وقت سڑک پر گاڑی کا توازن بگڑنے کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔