عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع پونچھ کے منگناڑ علاقے میں نامعلوم چور ایک دکان کا تالا توڑ کر مبینہ طور پر لاکھوں روپے کی نقدی لے اڑے، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ فرانزک ٹیم نے بھی جائے واردات کا معائنہ کیا ہے۔یہ واردات پیر اور منگل کی درمیانی شب لوئر منگناڑ کے وارڈ نمبر 6 میں پیش آئی، جہاں نامعلوم افراد نے ایک دکان کو نشانہ بنایا۔ دکاندار کے مطابق چور رات کے وقت دکان میں داخل ہوئے اور وہاں موجود نقدی چرا کر فرار ہو گئے۔متاثرہ دکاندار کا دعویٰ ہے کہ چوری ہونے والی نقدی کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ صبح جب وہ دکان کھولنے پہنچا تو تالے ٹوٹے ہوئے دیکھ کر اسے چوری کا علم ہوا، جس کے بعد اس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں فرانزک ماہرین کی ٹیم نے بھی شواہد اکٹھے کیے اور مختلف پہلوؤں سے جائے واردات کا باریک بینی سے جائزہ لیا تاکہ ملزمان تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور نامعلوم چوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر دستیاب شواہد کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔مقامی لوگوں نے علاقے میں چوری کی واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رات کے وقت پولیس گشت بڑھانے اور بازاروں میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔