یو این آئی
نیویارک، (امریکہ) /ارلنگ ہالینڈ کی جانب سے آخری لمحات میں کیے گئے دو گولوں کی بدولت ناروے نے پانچ بار کی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے ہرا کر فیفا ورلڈ کپ 2026 سے باہر کر دیا ہے ۔ اس جیت کے ساتھ ہی ناروے نے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے ۔ اس سنسنی خیز مقابلے کے ہیرو ارلنگ ہالینڈ نے میچ کے آخری لمحات (79ویں اور 90ویں منٹ) میں دو شاندار گول داغ کر ناروے کو جیت دلائی۔
انجری ٹائم میں برازیل کے لیے نیمار نے پینلٹی کے ذریعے ایک گول کیا، لیکن یہ ہار ٹالنے کے لیے کافی نہیں تھا۔پہلے ہاف میں کھیل کا رخ بالکل الگ ہو سکتا تھا، جب برازیل کے فارورڈ میتھیاس کونہا نے پینلٹی حاصل کی، لیکن ناروے کے اورجان نائلینڈ نے برونو گوئیماریش کی کمزور کوشش کو ناکام بنا دیا۔ کئی مواقع کے باوجود پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ مقابلے کے تینوں گول میچ کے دوسرے ہاف میں آئے ۔ وقفے کے بعد ناروے نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جس کا سہرا سولبیکن کی جانب سے کی گئی دو بڑی اور شاید غیر متوقع تبدیلیوں کے سر جاتا ہے ۔ انہوں نے الیگزینڈر سورلوتھ اور انتونیو نوسا کی جگہ اینڈریاس شیلڈروپ اور آسکر باب کو میدان میں اتارا۔ دوسری طرف برازیل کے کوچ کارلو اینچلوٹی کی تبدیلیاں – جن میں اینڈرک اور نیمار جیسے کھلاڑی شامل تھے ، نے شاید شائقین کو خوش کیا ہو، لیکن کھیل پر اس کا کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔ناروے کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ میامی میں انگلینڈ اور میکسیکو کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔ برازیل کے لئے یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ وہ 36 برسوں میں عالمی کپ میں پہلی مرتبہ اتنے جلدی گیم سے باہر ہوا ہے ۔