عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کوبھارتی جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے 125 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔مودی نے ڈاکٹر مکھرجی کو ہندوستان کے اہم معماروں میں سے ایک بتایا اور کہا کہ تعلیم، صنعت، انسانی خدمات اور قومی یکجہتی میں ان کا تعاون ملک کو وکست بھارت بنانے کی سمت میں آگے بڑھنے کے لیے تحریک دیتا رہتا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا، آج، ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے 125 ویں یوم پیدائش پر میں ہندوستان کے سب سے غیر معمولی معماروں میں سے ایک کو نمن کرتا ہوں، جن کی زندگی علم، ہمت اور ملک کی خدمت کے تئیں اٹوٹ لگن سے متاثر رہی۔ انہوں نے خود کو ہندوستان کی یکجہتی، وقار اور ترقی کے لیے وقف کر دیا تھا۔
ڈاکٹر مکھرجی کی کثیر جہتی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ تعلیم، حکمرانی اور صنعتی ترقی جیسے مختلف شعبوں میں ان کا تعاون رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، ڈاکٹر مکھرجی کا کئی شعبوں میں تعاون رہا۔ وہ ایک بہترین مفکر اور ماہر تعلیم تھے جنہوں نے اختراع اور مستقبل کی ضرورت کے حساب سے سیکھنے سکھانے کے عمل کی حمایت کی۔ وزیر صنعت کے طور پر انہوں نے صنعتی خود انحصاری کی بنیاد رکھی اور ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنایا کہ روایتی شعبے اور لوگوں کا روزگار پھلتا پھولتا رہے۔ بنگال کے قحط کے دوران ان کی انسانی کوششوں سے مصیبت میں گھرے لوگوں کے تئیں ان کی گہری ہمدردی جھلکتی تھی۔ سب سے بڑھ کر، ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت کے تئیں ان کا اٹوٹ عزم ترغیب کا ایک مستقل ذریعہ بنا ہوا ہے۔
ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے حکومت کے نقطہ نظر کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ جیسے جیسے ہم وکست ہندستان کے اپنے سفر میں آگے بڑھ رہے ہیں، ان کا نقطہ نظر ہمارے راستے کو روشن کرتا رہتا ہے۔ ایکس پر ایک اور پوسٹ میں، وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے مکھرجی کی زندگی اور وراثت پر ایک مضمون لکھا ہے، جس میں انہوں نے ایک تعلیمی منتظم، مرکزی وزیر اور سیاسی رہنما کے طور پر ان کے تعاون کا ذکر کیا ہے۔
مودی نے کہا،میں نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی زندگی پر ایک مضمون لکھا ہے، جس میں ان کی مختلف کامیابیوں پر زور دیا گیا ہے، چاہے وہ وائس چانسلر ہوں، وزیر، سیاسی رہنما یا کچھ اور۔ ہندوستان کی یکجہتی کوآگے بڑھانے میں ان کی منفرد کوششوں کو اجاگر کیا ہے۔ 2019 میں دفعہ 370 اور 35(اے ) کو ہٹانا ان کی کوششوں کو سچا خراج عقیدت کے طور پر مانا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر مکھرجی کی پیدائش چھ جولائی 1901 کو ہوئی تھی۔ وہ ایک معروف ماہر تعلیم، رکن پارلیمنٹ اور سیاست داں تھے۔ انہوں نے آزاد ہندوستان کی پہلی کابینہ میں صنعت اور سپلائی کے وزیر کے طور پر کام کیا، لیکن بعد میں پالیسی اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد، 1951 میں انہوں نے بھارتی جن سنگھ کی بنیاد رکھی جو بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابقہ سیاسی تنظیم تھی۔
بی جے پی میں ڈاکٹر مکھرجی کو بنیادی طور پر جموں و کشمیر کو پہلے ملے خصوصی آئینی درجے (دفعہ 370 اور 35اے کے تحت) کے خلاف ان کی مہم کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ مودی حکومت نے اگست 2019 میں ان دفعات کو منسوخ کر دیا تھا۔ حکومت نے اس قدم کو ملک کی یکجہتی کو مزید مضبوط کرنے اور ڈاکٹر مکھرجی کے ایک ملک، ایک آئین کے نقطہ نظر کو پورا کرنے کی سمت میں ایک قدم بتایا تھا۔ وزیر اعظم نے یہ خراج عقیدت تب پیش کیا، جب ملک بھر میں بی جے پی اور اس سے وابستہ تنظیموں نے ڈاکٹر مکھرجی کے 125 ویں یوم پیدائش پر کئی پروگرام منعقد کیے۔ ان پروگراموں میں ہندوستان کی سیاسی سوچ کو نئی شکل دینے میں ان کے کردار اور قومی یکجہتی، خود انحصاری اور عوامی خدمت پر ان کے مسلسل زور کو یاد کیا گیا۔
دفعہ 370 کی منسوخی ڈاکٹر شیاماپرساد مکھرجی کو بہترین خراج عقیدت: مودی