عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں صوبے میں شدید بارشوں کے باعث ادھم پور میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد رام نگرادھم پور سڑک ٹریفک کیلئے بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی متعلقہ محکموں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور سڑک پر گرے بڑے پتھروں اور ملبے کو ہٹانے کے لیے مشینری تعینات کر دی گئی۔حکام نے بتایا کہ صبح تقریباً سات بجے اطلاع ملی کہ کاغھا کے قریب بھاری پتھر سڑک پر آگرے ہیں، جس کے بعد فوری طور پر مشینری روانہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کو جلد از جلد صاف کرکے ٹریفک بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ادھر سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ، ارون کمار بڈیال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے علاقوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، اچانک سیلاب اور سڑکوں کی بندش جیسے خطرات موجود ہیں۔انتظامیہ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔