عظمیٰ نیوزسروس
جموں // جموں شہر کے مضافاتی علاقے میران صاحب میں مبینہ طور پر زمین کے تنازع پر ایک شخص کو تیز دھار ہتھیاروں سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ستیندر کمار ساکن گائیں گاؤں، میران صاحب کے طور پر ہوئی ہے۔ جمعہ کی شام مبینہ طور پر زمین کے تنازع کے باعث دو بھائیوں نے ان پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔زخمی ستیندر کمار کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس نے رات بھر مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دونوں ملزمان، اجے اور وجے پسران درشن کمار ساکنان گائیں گاؤں، کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔