یواین آئی
چنڈی گڑھ// پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے ہفتہ کے روز کہا کہ ریاستی پولیس نے سائبر جرائم کے خلاف اپنی کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران 729 سائبر مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔گورو یادو نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں سے ریاست کے تمام اضلاع اور پولیس کمشنریٹوں میں مخصوص سائبر کرائم پولیس اسٹیشن کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ریاستی سائبر کرائم ڈویڑن سمیت 29 سائبر کرائم پولیس اسٹیشنوں میں 956 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 729 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران ریاستی سائبر کرائم ڈویڑن نے سائبر جرائم پر قابو پانے اور عام شہریوں کی محنت کی کمائی کو محفوظ رکھنے کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ عوامی بیداری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، جس کے تحت ریاست بھر میں 657 بیداری پروگرام منعقد کیے گئے۔ ان پروگراموں میں لوگوں کو آن لائن دھوکہ دہی سے بچنے اور کسی بھی سائبر جرم کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1930 پر شکایت درج کرانے کی ترغیب دی گئی۔ڈی جی پی نے کہا کہ پنجاب پولیس آئندہ بھی سخت قانون نافذ کرنے کے اقدامات اور عوامی بیداری مہمات کے ذریعے سائبر جرائم پر مؤثر کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسپیشل ڈی جی پی وی۔ نیرجا کی قیادت میں ریاستی سائبر کرائم ڈویڑن نے مئی 2025 سے اب تک 57 ایف آئی آر درج کی ہیں اور 56 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ یہ مقدمات اعلیٰ سطح کے اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق سائبر جرائم سے وابستہ ہیں، جبکہ کمشنریٹ اور ضلعی سطح کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشنوں نے مختلف مقدمات میں مزید 673 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔