کشتی رانی کا مقصدیاتریوںکے قیام کو مزید خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنانا ہے:دیوانش یادو
عظمیٰ نیوزسروس
جموں //امرناتھ یاترا کے آغاز کے ساتھ ہی جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ نے توی ریور فرنٹ پر طویل عرصے سے منتظر کشتی رانی (بوٹنگ) کی سہولت کا افتتاح کر دیا، جس سے یاتریوں،سیاحوں اور مقامی شہریوں کو ایک نئی تفریحی سہولت میسر آئے گی۔اس سہولت کا افتتاح چیف ایگزیکٹو آفیسر جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ اور کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر دیوانش یادو نے کیا۔ اس موقع پر جموں سمارٹ سٹی، ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر دیوانش یادو نے کہا کہ جموں امرناتھ گپھا کا دروازہ ہے، جہاں ہر سال لاکھوں عقیدت مند پہنچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشتی رانی کی اس نئی سہولت کا مقصدیاتریوںکے قیام کو مزید خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام جموں سمارٹ سٹی کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت عالمی معیار کی عوامی تفریحی اور سیاحتی سہولیات، ماحول دوست ترقی اور جدید شہری انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق توی ریور فرنٹ مختصر عرصے میں شہر کا ایک اہم سیاحتی مرکز بن چکا ہے اور بوٹنگ کی سہولت اس کی کشش میں مزید اضافہ کرے گی۔افتتاح کے بعدیاتریوں، سیاحوں اور مقامی افراد نے دریائے توی میں کشتی رانی کا لطف اٹھایا اور اس نئی سہولت کو جموں کی سیاحت کے لیے خوش آئند اضافہ قرار دیا۔بوٹنگ کی سہولت 3 جولائی سے روزانہ صبح 10بجے سے شام 7بجے تک دستیاب رہے گی۔ ہر سیشن کی مدت 15منٹ ہوگی جبکہ فی کس کرایہ 100روپے مقرر کیا گیا ہے۔ سیاح پیڈل بوٹس، رافٹس، موٹر بوٹس اور شکارا میں سفر کا انتخاب کر سکیں گے۔جموں سمارٹ سٹی نے آن لائن بکنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے زائرین اور سیاح پیشگی اپنی نشستیں محفوظ کر سکتے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق مسافروں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام مسافروں کو لائف جیکٹس فراہم کی جائیں گی جبکہ تربیت یافتہ بوٹ آپریٹرز، ریسکیو اہلکار، ہنگامی ردعمل کا نظام اور مسلسل نگرانی کا مؤثر انتظام بھی یقینی بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ سمارٹ سٹیز مشن کے تحت توی ریور فرنٹ کو جدید طرز پر ترقی دی گئی ہے، جہاں خوبصورت واکنگ اور سائیکلنگ ٹریکس، میوزیکل فاؤنٹین، تفریحی مقامات، جدید روشنی، بیٹھنے کی سہولیات اور دیگر عوامی سہولیات پہلے ہی قائم کی جا چکی ہیں، جبکہ بوٹنگ کی نئی سہولت سے اس مقام کی سیاحتی اہمیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔