عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو الزام لگایا کہ کشمیر وادی بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو سرکاری ملازمتوں کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف پرامن احتجاج روکنے کے لیے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا۔محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ نیشنل کانفرنس (این سی) کی زیر قیادت حکومت جوابدہی کے سوال پر یہ کہہ کر اپنی ذمہ داری سے بچتی ہے کہ پولیس اس کے اختیار میں نہیں، لیکن جب نوجوان اپنے مطالبات کے حق میں پرامن آواز بلند کرتے ہیں تو یہی حکومت پولیس کے ساتھ مل کر احتجاج کو دبانے میں سرگرم ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا، “ریزرویشن کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ ہو یا بیک ڈور تقرریوں کے خلاف احتجاج، حکومت ہر جمہوری آواز کو دبانے کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تال میل کے ساتھ کام کرتی ہے۔”
محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ حکومت کی “دوہری پالیسی” اس وقت پوری طرح بے نقاب ہو گئی جب وادی بھر میں پی ڈی پی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مبینہ طور پر گھروں میں نظر بند کر دیا گیا تاکہ وہ سرکاری ملازمتوں کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف احتجاج میں حصہ نہ لے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی یہ “انتخابی بے بسی” اس وقت بھی سامنے آتی ہے جب ہاؤسنگ، ریونیو اور جنگلات جیسے محکمے تجاوزات ہٹانے کی کارروائیوں کے نام پر غریب اور کمزور خاندانوں کے مکانات مسمار کرنے کے لیے پولیس کی خدمات فوری طور پر حاصل کر لیتے ہیں۔اس سے قبل پی ڈی پی نے الزام لگایا تھا کہ بارہمولہ ضلع کے پارٹی صدر محمد رفیق راتھر کو بھی ضلعی سطح کے مجوزہ احتجاج سے قبل گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا تاکہ وہ مظاہرے میں شرکت نہ کر سکیں۔پی ڈی پی نے حکومت کی آؤٹ سورسنگ پالیسی اور بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف جموں و کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹروں پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔تاہم ان الزامات پر انتظامیہ یا پولیس کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔سرکاری ملازمتوں کی آؤٹ سورسنگ کا معاملہ حکمراں نیشنل کانفرنس اور اپوزیشن پی ڈی پی کے درمیان ایک بڑا سیاسی تنازع بن چکا ہے۔ پی ڈی پی حکومت پر آؤٹ سورسنگ اور “بیک ڈور تقرریوں” کو فروغ دینے کا الزام عائد کر رہی ہے ، جبکہ نیشنل کانفرنس کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورسنگ کا نظام 2015 سے 2018 کے دوران پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت کے دور میں متعارف کرایا گیا تھا۔ادھراننت ناگ میں پی ڈی پی کے ترجمان نجم الثاقب کی قیادت میں کارکنان نے وزیر باغ سے احتجاجی ریلی نکالی۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سرکاری ملازمتوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر سخت احتجاج کیا، تاہم پولیس نے ریلی کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔