فیاض بخاری
بارہمولہ//ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید گرمی کے دوران عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ آنے والے سیاحوں نے یہاں کے خوشگوار موسم، پرامن ماحول، مؤثر سیکیورٹی انتظامات اور مقامی لوگوں کی مہمان نوازی کی بھرپور تعریف کی۔ سیاحوں کا کہنا تھا کہ گلمرگ گرمی سے نجات کے لیے بہترین مقام ہے اور یہاں خود کو مکمل طور پر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔راجستھان، دہلی، اتر پردیش اور جموں سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاحوں نے کہا کہ گلمرگ میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات نے ان کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات بھی قابلِ ستائش ہیں۔راجستھان سے تعلق رکھنے والی سیاح ریا نے کہا کہ مؤثر سیکیورٹی انتظامات کی بدولت سیاح بے فکر ہو کر اپنی تعطیلات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔دہلی سے آئی سیاح پریتی نے کہا کہ گلمرگ کا خوشگوار موسم ملک کے دیگر علاقوں کی شدید گرمی کے مقابلے میں بے حد سکون بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کا موسم نہایت دلکش ہے اور وہ اپنے سفر سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہیں۔جموں سے آئے ایک سیاح نے کہا کہ کشمیر میں سیاحوں کے لیے سہولیات پہلے سے بہتر ہوئی ہیں، قیمتیں مناسب ہیں اور ہر طرف امن و امان کا ماحول ہے، جس کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہاں آنا چاہیے۔اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے سیاح محمد شاریق نے کہا کہ وہ ایسے علاقے سے آئے ہیں جہاں درجہ حرارت تقریباً 42 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، جبکہ گلمرگ کا موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ “کشمیر واقعی جنت ہے، ہم یہاں سے ہمیشہ خوبصورت یادیں لے کر واپس جاتے ہیں، اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات بھی بہت عمدہ ہیں۔ایک اور سیاح نے کشمیر کے عوام کی مہمان نوازی اور وادی کے خوشگوار ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کا سفر ایک منفرد اور یادگار تجربہ ہے۔واضح رہے کہ گلمرگ، جو کشمیر کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے، ان دنوں موسمِ گرما کے دوران بڑی تعداد میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ملک بھر سے لوگ شدید گرمی سے بچنے، قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے اور ٹھنڈے موسم کا مزہ لینے کے لیے گلمرگ کا رخ کر رہے ہیں۔