عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// وزیر صحت سکینہ ایتو نے اعلان کیا ہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 0تا5 سال کی عمر کے تقریباً 19 لاکھ بچوں کو کل کو ہونے والی حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے ایک حصے کے طور پر پلس پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔وزیرموصوفہ نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پلس پولیو ویکسینیشن مراکز کا دورہ کرکے زندگی بچانے والی ویکسین کے حصول کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہم کی کامیابی کا انحصار عوام کی فعال شرکت پر ہے اور انہوں نے خاندانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کا موقع ضائع نہ کریں۔وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ حکومت موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر جولائی کے مہینے میں کشمیر ڈویڑن کے اسکولوں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کرنے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔