عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان کی انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات نے مئی میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پہلی بار 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر لیا۔انجینئرنگ ایکسپورٹ پروموشن کونسل (EEPC) انڈیا کے مطابق، عالمی جغرافیائی کشیدگی اور تجارتی رکاوٹوں کے باوجود مئی میں انجینئرنگ برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 48.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 میں انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات 31.12 ارب ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 9.89 ارب ڈالر تھیں۔ اس شعبے کا ملک کی مجموعی اشیا کی برآمدات میں حصہ 27.2 فیصد رہا۔رپورٹ کے مطابق برآمدات میں اضافہ بنیادی طور پر برقی مشینری و آلات، بحری جہازوں، موٹر گاڑیوں اور لوہے و اسٹیل کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث ہوا۔ 34 میں سے 28 کیٹیگریز میں مثبت نمو ریکارڈ کی گئی۔EEPC انڈیا کے چیئرمین پنکج چڈھا نے کہا کہ عالمی سپلائی چین میں تبدیلی کے باعث ہندوستانی کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، کیونکہ دنیا چین پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب حکومتی معاونت کے ساتھ 2030 تک 250 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔علاقائی اعداد و شمار کے مطابق شمالی امریکہ سب سے بڑی مارکیٹ رہا، اس کے بعد مغربی ایشیا و شمالی افریقہ اور یورپی یونین کا نمبر آتا ہے۔