عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/شمالی ضلع بارہمولہ میں نیو بائی پاس کے مقام پر ایک نو تعمیر شدہ پل جمعرات کے روز اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق پل اپنی تکمیل کے فوراً بعد گر گیا۔ حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو ضلع اسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک شخص کو ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹ آئی ہے، جسے بہتر اور خصوصی علاج کے لیے سری نگر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پل کے منہدم ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ متعلقہ ادارے حادثے کی مکمل جانچ میں مصروف ہیں۔
بارہمولہ میں نو تعمیر شدہ پل منہدم، 10 افراد زخمی