عظمیٰ ویب ڈیسک
پہلگام/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو پہلگام میں سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے پُرامن، محفوظ اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ، سکیورٹی فورسز اور مختلف سرکاری محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ یاترا کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سکیورٹی، یاتریوں کے لیے سہولیات اور دیگر بنیادی خدمات سے متعلق تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اب تک کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
منوج سنہا نے کہا کہ ملک بھر سے آنے والے عقیدت مند مکمل اعتماد کے ساتھ یاترا میں شرکت کر سکتے ہیں کیونکہ تمام محکمے قریبی رابطے میں رہتے ہوئے یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام یاتریوں کے استقبال کے لیے تیار ہیں اور سالانہ مذہبی یاترا کے دوران ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ 57 روزہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوگی اور 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پہلگام میں امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ، تمام انتظامات مکمل: ایل جی منوج سنہا