سکینہ ایتو کی عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت
سرینگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کل سول سیکرٹریٹ میں سپر سپیشلٹی ہسپتال سری نگر کے او پی ڈی کمپلیکس، گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سری نگر کے ملٹی فیسلٹی سینٹر اور ایس ڈِی ایچ پہلگام کی اضافی 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال عمارت کی تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر صحت نے عوامی منصوبوں کی تکمیل میں جوابدہی پر زور دیتے کہا کہ یہ اَقدامات عوامی فنڈز سے کئے جا رہے ہیں اور ان کا مقصد لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر عوامی مفاد کو متاثر کرتی ہے اور اس لئے اس سے گریز کیا جانا چاہیے۔
اُنہوں نے پہلگام میں 50 بستروں پر مشتمل اضافی ہسپتال عمارت کی تعمیر کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) کو حتمی شکل دینے اور بقیہ کام بغیر کسی تاخیر کے شروع کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلگام جموں و کشمیر کے اہم ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے لئے بیس کیمپ کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔ اِس لئے علاقے میں ایسی جدید طبی سہولیت ضروری ہے جو مقامی لوگوں، سیاحوں اور یاتریوں کی ضروریات پوری کر سکے۔ اِیتو نے ہسپتال عمارت کی تکمیل کے لئے مارچ 2027 ء کا ہدف مقرر کیا اور متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ سہولیت کو مکمل طور پر فعال اور آپریشنل بنایا جائے۔اِس سے قبل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے میٹنگ کو جانکاری دِی کہ اِس منصوبے کی تخمینی لاگت 19.90 کروڑ روپے ہے جس میں سے 12.40 کروڑ روپے کے سول کاموں کے لئے ٹینڈر جاری کئے جا چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہسپتال آپریشنل ہونے کے بعد علاقے کے لوگوں کو ضروری طبی خدمات اور سہولیات فراہم کرے گا۔وزیرموصوفہ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے ملٹی ٹاسکنگ فیسلٹی سینٹر (ایم ایف سی) کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام سول کام جولائی 2026 کے اِختتام تک مکمل کئے جائیں۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کوہدایت دِی کہ وہ سینٹر درکار اضافی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی تنصیب کے لئے مرکزی حکومت سے ضروری منظوری حاصل کریں۔وزیر موصوفہ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ منصوبوں پر عمل درآمد کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور طبی ضروریات و منظور شدہ معیار کے مطابق بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے۔انہوںنے صحت شعبے کے تمام منصوبوں میں مناسب منصوبہ بندی، ہم آہنگی اور رہنما اصولوں کی پابندی پر بھی زور دیا تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور وسائل کا بہترین اِستعمال یقینی بنایا جا سکے۔