عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سرینگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی نے بدھ کے روز کہا کہ سرینگر میں 8 محرم کے جلوس کے پُرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے جامع سیکورٹی، ٹریفک اور شہری سہولیات کے انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ نگرانی کیلئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
لال چوک میں جلوس کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی سرینگر نے کہا کہ گرو بازار سے ڈلگیٹ اور امام بارگاہ تک جلوس کے روایتی راستے پر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر پولیس نے نیم فوجی دستوں اور ٹریفک پولیس کے اشتراک سے جلوس کے آغاز سے اختتام تک سکیورٹی کا ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ ان کے مطابق ڈرون نگرانی کے ذریعے سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے تاکہ عزاداروں اور عام شہریوں کو بہتر سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
ڈاکٹر چکرورتی نے عوام اور جلوس کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری اور ہدایات پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا، ’’ہمارا واحد مقصد یہ ہے کہ جلوس باوقار اور پُرامن انداز میں منعقد ہو۔ اس کیلئے تمام متعلقہ فریقین اور عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔‘‘
ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس اہلکار شب و روز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے عوام سے سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل بھی کی۔
ایک سوال کے جواب میں 10 محرم کے مرکزی جلوس کے حوالے سے ڈاکٹر چکرورتی نے کہا کہ جڈی بل علاقے میں منعقد ہونے والے مرکزی جلوس کیلئے بھی اسی نوعیت کے جامع انتظامات پہلے ہی مکمل کئے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’یہ مرکزی جلوس ہے اور اس کیلئے بھی وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہم اس کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کیلئے پُرعزم ہیں۔‘‘
سرینگر پولیس کی 8 محرم کے جلوس کیلئے ڈرون نگرانی، سخت حفاظتی انتظامات: ایس ایس پی سرینگر