عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/حکومت کی جانب سے عائد کی گئی عارضی پابندی کے خاتمے کے بعد گوگل نے منگل کی صبح میسجنگ ایپ ’’ٹیلی گرام‘‘کو دوبارہ پلے اسٹور پر بحال کر دیا، جبکہ بعض صارفین کے لیے ایپ کی خدمات پہلے ہی بحال ہونا شروع ہو گئی تھیں۔حکومت نے ٹیلی گرام پر 22جون کی نصف شب تک عارضی پابندی نافذ کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس پابندی میں توسیع یا کسی نئی مدت کا اعلان نہیں کیا گیا، جس کے بعد ایپ کی بحالی کا عمل شروع ہوا۔
منگل کی صبح تک ٹیلی گرام گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہو گئی، تاہم ’’ایپل ایپ اسٹور‘‘پر یہ تقریباً صبح 10 بجے تک بدستور غیر دستیاب رہی۔ اس حوالے سے ایپل کو بھیجی گئی ای میل کا فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔حکومت نے ٹیلی گرام پر پابندی اس الزام کے تحت عائد کی تھی کہ پلیٹ فارم NEETامتحان کے جعلی سوالیہ پرچوں، گمراہ کن معلومات اور دیگر دھوکہ دہی پر مبنی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام رہا، جس سے امتحانی عمل متاثر ہوا۔
حکام کے مطابق 3 جون کو سرکاری نمائندوں نے ٹیلی گرام کے حکام کے ساتھ ملاقات کی تھی، جس میں ان خدشات سے آگاہ کیا گیا۔ بعد ازاں مرکز نے 22 جون تک ٹیلی گرام، اس کی ویب سروس اور متعلقہ لنکس کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔حکومت نے ٹیلی گرام کو یہ ہدایت بھی دی تھی کہ وہ 30جون تک اپنے میسج ایڈیٹنگ فیچرکو معطل رکھے۔قابلِ ذکر ہے کہ NEETکا دوبارہ امتحان 21 جون کو منعقد کیا گیا تھا اور اب تک کسی نئی دھوکہ دہی یا بے ضابطگی کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب ٹیلی گرام کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسرپاویل درو نے بھارت کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے عائد پابندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند صارفین کی جانب سے لیک شدہ امتحانی سوالات شیئر کرنے کی بنیاد پر پورے پلیٹ فارم پر پابندی لگانا مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بعض حریف کمپنیوں کی لابنگ اس فیصلے کے پس منظر میں ہو سکتی ہے، تاہم اس دعوے کی سرکاری سطح پر کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
ٹیلی گرام پر عائد عارضی پابندی ختم، گوگل نے پلے اسٹور پر ایپ بحال کر دی