محمد تسکین
بانہال // جمعہ کی صبح سے ہی رام بن اور بانہال کے مختلف علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا اور وقفے وقفے سے بارشیں بھی ہوتی رہیں ۔ بارشوں کی وجہ سے پچھلے کئی روز سے ضلع رام بن کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے اور زمیندار بھی بارشوں جو لیکر خوش ہیں ۔محکمہ موسمیات نے پچھلے کئی روز سے آئند چند روز تک صوبہ جموں کے کئی علاقوں میں بارشوں ، گرج چمک اور دھند کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے عین مطابق کئی روز سے رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف موسم خوشگوار ہوگیا ہے بلکہ بارشوں کے منتظر زمینداروں نے راحت کی سانس لی ہے ۔اس دوران 270 کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دونوں طرف کا ٹریفک جاری ہے اور بارشوں کے باوجود جمع کی صبح سے ہی معمول کا ٹریفک جاری رہا اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے اپنی منزلوں کی راہ لی ۔