مجلس کے دوران بجلی گُل ہونے سے عزاداروں کو مشکلات کا سامنا
نواز رونیال
رام بن // ضلع رام بن میں محرم الحرام کی 3تاریخ کے موقع پر خطہ چناب کے واحدشیعہ اکثریتی علاقے چندرکوٹ میں عزادارانِ امام حسینؑ نے شہدائے کربلا کی یاد میں ایک مجلسِ عزا کا انعقاد کیا۔ تاہم پروگرام کے دوران اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شرکاء کو شدید مشکلات اور اندھیرے کا سامنا کرنا پڑا۔بجلی لگاتار پچھلے تین دن سے اسی وقت جاتی ہے جب پروگرام شروع ہوتا ہے۔ اس سے پروگرام اور لنگر کے لیے کافی تاخیر ہو جاتی ہے ۔ انجمن امامیہ چندرکورٹ کے عہدوداروں اور سماجی کارکنوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کے باوجود عزاداروں نے اپنے مذہبی جذبے اور عقیدت کا مظاہرہ کرتے ہوئے موبائل فون کی ٹارچوں کی روشنی میں لنگر کی تیاری اور تقسیم کا سلسلہ جاری رکھا۔شیعہ برادری کے افراد نے دورانِ مجلس بجلی کی اچانک بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی رکاوٹیں اُن ہزاروں عزاداروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتی ہیں جو حضرت امام حسینؑ اور اُن کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں مجالس اور عزاداری میں شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے جموں و کشمیر سرکار ،ضلع انتظامیہ رام بن اور ممبر اسمبلی رام بن سے مطالبہ کیا کہ امام بارگاہوں اور محرم الحرام کے اجتماعات کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ مذہبی رسومات اور عزاداری کے پروگرام وقار، احترام اور پُرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں بصورت دیگر وہ سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
چندر کوٹ میں محر م الحرام کے سلسلے میں مجلس عزا کا انعقاد