عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے خوراک ، شہری سپلائیز اور امور صارفین ، ٹرانسپورٹ ، سائنس و ٹیکنالوجی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ستیش شرما نے کل گاندر بل کا دورہ کیا اور سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے گرین کیمپس اور تلمولہ کیمپس میں پروگراموں کی ایک سیریز میں حصہ لینے کے علاوہ ماتا کھیر بھوانی کے سالانی میلہ کے انتظامات کا جائیزہ لیا۔وزیر موصوف نے گرین کیمپس دودرہامہ میں سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر اے رویندر ناتھ ، سینئر فیکلٹی ممبران ، محققین اور طلباء کی موجودگی میں ڈیزائن انوویشن سینٹر کی فوڈ پروسیسنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا۔
وزیر موصوف نے جدید ترین لیبارٹری کی سہولیات کا معائنہ کیا اور انہیں فوڈ پراسیسنگ کی مختلف ٹیکنالوجیز ، ویلیو ایڈیشن میکانزم اور تحقیقی اقدامات کے بارے میں بتایا گیا جن کا مقصد پائیدار زراعت اور کاروبار کو فروغ دینا ہے۔سائنسی تحقیق اور نچلی سطح پر عمل درآمد کے درمیان فرق کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شرما نے اختراعات کو ” لیبارٹری سے زمین تک لے جانے پر زور دیا تا کہ کسان سائنسی ترقی سے براہ راست فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے زرعی اراضی کے تحفظ اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے ، ضیاع کو کم کرنے اور پائیدار ذریعہ معاش پیدا کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی اہمیت پرزور دیا۔وزیر موصوف نے سنٹرل یونیورسٹی کے تلمولہ کیپمس میں اپلائیڈ مصنوعی ذہانت سے متعلق پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کیا۔دورے کے دوران وزیر نے کئی عوامی وفود سے بھی ملاقات کی جنہوں نے انہیں مختلف مقامی مسائل اور ترقیاتی خڈشات سے آگاہ کیا۔