عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع بارہمولہ کے گانٹہ مولہ بالا علاقے میں جمعرات کو ایک المناک سڑک حادثے میں ٹپر ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ ٹپر زیر رجسٹریشن نمبر JK01AJ3121 جسے غلام حسن بٹ ولد عبدالعزیز بٹ ساکن شیری چلا رہے تھے، گانٹہ بالا کے مقام پر اچانک بے قابو ہوکر سڑک پر الٹ گیا۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ غلام حسن بٹ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور متعلقہ حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ضروری کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔یہ خبر پھلتے ہی پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ادھر سری نگر کے برزلہ باغات سیکٹر-II کی ایک خاتون جو کہ ایک ہٹ اینڈ رن حادثے میں شدید زخمی ہوئی تھی، جمعرات کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔متوفی کی شناخت عروج وانی کے طور پر کی گئی ہے، جو بدھ کے روز نوگام بائی پاس پر احمد اسپتال کے قریب ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آ گئی جب وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ سڑک پر چل رہی تھی۔حادثے کے بعد اسے فوری طور پر علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔ تاہم طبی کوششوں کے باوجود وہ جمعرات کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔پولیس نے تھانہ نوگام میں ایف آئی آر نمبر 121/26 درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔