عظمیٰ نیوزسروس
جموں //فوج کی سٹریٹجک اہمیت کی حامل شمالی کمان نے اپنا 55واں یومِ تاسیس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کے موقع پر آرمی کمانڈر شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے تمام فوجی اہلکاروں، سابق فوجیوں، سویلین عملے اور شمالی کمان سے وابستہ خاندانوں کو مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔یومِ تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے دھرووا وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی کمانڈر نے شمالی کمان سے وابستہ تمام اہلکاروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ آپریشنل تیاریوں اور دفاعی ذمہ داریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں ہر فرد کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے فوجی جوانوں کے عزم، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اسی جذبے اور وابستگی کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھنے کی تلقین کی۔شمالی کمان نے اس موقع پر ملک کے دفاع اور شمالی سرحدوں کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور ان فوجیوں کی بہادری، جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کیا جو مسلسل سرحدوں کی نگہبانی میں مصروف ہیں۔کمان نے اپنے تمام اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں اور خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں اپنی شاندار روایات اور ورثے کا لازمی حصہ قرار دیا۔