عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز مودی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے پر کہا کہ اس عرصے میں بھارت کو ایک ایسے ’’مضبوط سکیورٹی قلعے‘‘میں تبدیل کر دیا گیا ہے جو اپنے شہریوں کی حفاظت کرتا ہے اور دشمنوں کو مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سماجی رابطہ گاہ ایکس (X) پر ایک پوسٹ میں امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کی قیادت میں بھارت نے قومی سلامتی کے معاملے میں ایسی مثالیں قائم کی ہیں جنہیں دنیا سراہتی ہے۔انہوں نے کہامودی حکومت کے 12 برسوں میں ہمارا ملک ایک ایسے مضبوط سکیورٹی قلعے کے طور پر دوبارہ تعمیر ہوا ہے جو اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور اپنے دشمنوں پر کاری ضرب لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ سرحد پار دشمنوں کو سرجیکل اسٹرائیک، ایئر اسٹرائیک اور آپریشن سندور کے ذریعے جواب دینا، آرٹیکل 370 کی منسوخی، نکسل ازم کے خاتمے کی کوششیں، اور شمال مشرقی خطے میں 12 سے زائد معاہدوں کے ذریعے داخلی سلامتی کو مضبوط بنانا، ان تمام اقدامات نے بھارت کے قومی سلامتی سے متعلق عزم کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے قومی سلامتی کے میدان میں ایسی مثالیں قائم کی ہیں جو دنیا کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی زیرِ قیادت این ڈی اے حکومت نے حال ہی میں مرکز میں اپنے 12 سال مکمل کیے ہیں۔گزشتہ ہفتے نریندر مودی مسلسل سب سے زیادہ عرصہ تک خدمات انجام دینے والے منتخب بھارتی وزیر اعظم بن گئے۔ انہوں نے مسلسل 4,399 دن وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر رہ کر بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا ریکارڈ توڑ دیا۔
مودی حکومت نے 12برسوں میں بھارت کو ’’سکیورٹی کا مضبوط قلعہ‘‘بنا دیا: امت شاہ