عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ/شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کی دور افتادہ تلیل وادی میں منگل کے روز بادل پھٹنے کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
حکام کے مطابق چکوالی نالہ کے علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہوا اور پانی، کیچڑ اور ملبے کے تیز ریلے قریبی آبادیوں کی طرف بڑھ گئے۔ اس کے نتیجے میں ایک اہم پل کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد مقامی سڑکیں بھی متاثر ہوئیں، جس سے آمد و رفت میں عارضی رکاوٹ پیدا ہوگئی۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ سیلابی پانی زرعی زمینوں اور نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا، جس سے کسانوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انتظامیہ نے فوری طور پر متعلقہ محکموں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی ہیں تاکہ نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے اور امدادی سرگرمیوں کو منظم بنایا جا سکے۔ حکام نے ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو احتیاط برتنے اور موسمی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی متاثرہ پل اور سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گریز اور تلیل کی وادیاں ہمالیائی پہاڑی سلسلے کے بلند علاقوں میں واقع ہیں اور گرمیوں کے موسم میں بادل پھٹنے اور اچانک سیلابی ریلوں کے واقعات کا سامنا کرتی رہتی ہیں۔