عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری/ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے کے بھروٹ گاؤں میں اراضی تنازع کے معاملے پر مبینہ حملے میں زخمی ہونے والا 45 سالہ شخص دورانِ علاج گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں دم توڑ گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق منیر حسین ولد حسن محمد ساکن بھروٹ پر 16 جون کو سہ پہر تقریباً 3 بجے مبینہ طور پر تین رشتہ داروں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو ابتدائی طور پر پی ایچ سی تھنہ منڈی منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے مزید علاج کے لیے جی ایم سی راجوری ریفر کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔
متوفی کی اہلیہ شمیم اختر نے پولیس کو تحریری درخواست دے کر الزام عائد کیا ہے کہ محمد رزاق، نجمہ کوثر اور مہتاب احمد، جو سبھی بھروٹ کے رہائشی ہیں، نے اراضی تنازع کے باعث ان کے شوہر پر حملہ کیا۔شکایت کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی میں بھارتیہ نیایا سنہتا (BNS) کی دفعات 109، 115(2) اور 3(5) کے تحت ایف آئی آر نمبر 77/2026 درج کر لی گئی ہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
راجوری:زمینی تنازعہ پر لڑائی جھگڑے میں زخمی شخص دم توڑ بیٹھا