محمد بشارت
مہور// سب ڈویژن مہور کی پنچایت ممنکوٹ کے عوام نے علاقے میں بنیادی سہولیات کی شدید قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت، محکمہ بجلی اور مقامی عوامی نمائندوں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی برس گزر جانے کے باوجود پنچایت ممنکوٹ آج بھی بنیادی ترقیاتی سہولیات سے محروم ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی نوجوان توصیف بٹ نے کشمیر عظمیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں بجلی کی وولٹیج انتہائی کم رہتی ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کم وولٹیج کی وجہ سے نہ صرف گھریلو برقی آلات خراب ہو رہے ہیں بلکہ طلبہ کی تعلیم اور دیگر معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنچایت کے کئی علاقوں میں آج بھی بجلی کے مناسب کھمبے نصب نہیں کیے گئے ہیں، جبکہ متعدد مقامات پر بجلی کی تاریں درختوں، خصوصاً خشک درختوں پر لٹکی ہوئی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق بارش اور تیز ہواؤں کے دوران ان تاروں سے خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں، لیکن متعلقہ محکمہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہا۔عوام کا کہنا ہے کہ پنچایت کے کئی وارڈ ایسے ہیں جہاں آج تک بجلی کی مکمل سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ بجلی کو متعدد بار اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، لیکن ہر بار صرف یقین دہانیاں دی گئیں جبکہ عملی طور پر کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔مقامی شہریوں نے سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی شدید ناراضگی ظاہر کی۔ ان کے مطابق پنچایت ممن کوٹ میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیمار افراد، بزرگ شہریوں اور طلبہ کو سب سے زیادہ مشکلات اٹھانی پڑ رہی ہیں۔عوام نے مقامی ایم ایل اے خورشید احمد پر بھی علاقے کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران تو سیاسی رہنما علاقے کا دورہ کرتے ہیں اور ترقیاتی وعدے کیے جاتے ہیں، لیکن کامیابی کے بعد پنچایت ممن کوٹ کے مسائل کو یکسر فراموش کر دیا جاتا ہے۔مقامی لوگوں نے حکومت، محکمہ بجلی اور منتخب نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پنچایت ممن کوٹ میں بجلی کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے، نئے کھمبے نصب کیے جائیں، خطرناک تاروں کو محفوظ بنایا جائے اور سڑکوں کی حالت کو بہتر کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔