عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/حکومت نے نیشنل ایلیجیبلیٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (نیٹ-یو جی) کے دوبارہ امتحان کے پیشِ نظر فوری پیغام رسانی کی ایپ ٹیلیگرام پر 22 جون تک عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی سفارش پر وزارتِ الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی (میٹی) نے اٹھایا ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد کوئی بھی صارف 22 جون تک اس ایپ کا استعمال نہیں کر سکے گا۔ اس کے علاوہ 30 جون تک ٹیلیگرام پر کسی بھی پیغام میں ترمیم (ایڈٹ) بھی نہیں کی جا سکے گی۔
این ٹی اے نے حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ دھوکہ دہی کرنے والے گروہ مبینہ طور پر نیٹ کے امیدواروں کو فریب دینے کے لیے ٹیلیگرام کا استعمال کرتے تھے اور پرچہ لیک ہونے کے جھوٹے دعوے کرتے تھے۔
این ٹی اے کے مطابق انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر نے این ٹی اے اور ریاستی پولیس سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کئی ٹیلیگرام چینلز، گروپس اور بوٹس کو بند کروانے میں مدد کی ہے۔ این ٹی اے نے بتایا کہ ایک ایک کر کے چینلز کے خلاف کارروائی کرنے کے باوجود خطرہ مکمل طور پر ختم نہ ہونے کی وجہ سے پلیٹ فارم کی سطح پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
این ٹی اے کے مطابق ’’پیپر لیک‘‘ اور ’’ری ایگزام 2026‘‘ جیسے ناموں والے چینلز مبینہ طور پر جعلی سوالیہ پرچوں کے نام پر امیدواروں سے ہزاروں سے لے کر لاکھوں روپے تک طلب کرتے تھے۔ این ٹی اے کا دعویٰ ہے کہ ٹیلیگرام کے ایڈیٹنگ فیچر کی وجہ سے ایڈمن پرانی فائلوں کو تبدیل کر کے ان کی جگہ نئی فائلیں اپ لوڈ کر سکتے تھے، جبکہ اصل ٹائم اسٹیمپ برقرار رہتا تھا۔ اس کے باعث امتحان کے بعد گمراہ کن شواہد تیار ہو جاتے تھے۔
این ٹی اے نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے حقیقی صارفین بھی متاثر ہوں گے، لیکن یہ پابندی صرف امتحانی مدت تک نافذ رہے گی اور اس کا مقصد امتحان کی شفافیت اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنا ہے۔ این ٹی اے نے امتحان میں شریک امیدواروں کو یقین دلایا ہے کہ 21 جون 2026 کو ہونے والا دوبارہ امتحان طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی منعقد ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی این ٹی اے نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف این ٹی اے کی سرکاری معلومات پر ہی اعتماد کریں۔
حکومت نے نیٹ (این ای ای ٹی) کی دوبارہ امتحان کے پیشِ نظر ٹیلیگرام ایپ پر عارضی پابندی عائد کر دی