محمد تسکین
بانہال // چملواس ۔ نیل سڑک پر جمعہ کی شام کو پیش آنے والے المناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو نوجوانوں، محمد عامر چوپان اور زیشان احمد وانی، کو ان کے آبائی گاؤں باٹو نیل، تحصیل رامسو، ضلع رام بن میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردِ خاک کر دیا گیا۔نمازِ جنازہ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت اور دونوں نوجوان کو عید گاہ میں نمازِ جنازہ کے بعد پرنم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا ۔ ان نوجوانوں کی المناک موت پر پورا علاقہ غم و اندوہ کی کیفیت میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ مہلوک نوجوانوں کے لواحقین اور دوست اور احباب کا رنج و غم دیدنی تھا۔ مرحومین کی اچانک موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور لوگوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دونوں نوجوان دوست تھے اور خوش اخلاق اور ملنسار تھے اور ان کی وفات سے پورے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ دونوں نوجوان جمعہ کو اننت ناگ میں شاپنگ کرنے کے بعد واپس اپنے گھر آنے کے دوران اس وقت جاں بحق ہو گئے تھے جب ان کی گاڑی چملواس- نیل سڑک پر لیورا کے نزدیک جنگلاتی علاقے میں بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری تھی۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس، مقامی رضاکاروں اور امدادی ٹیموں نے بچاؤ کارروائی شروع کی، تاہم دونوں نوجوان جانبر نہ ہو سکے۔