عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//موسمیاتی مرکز سرینگر نے آنے والے ہفتے کے دوران جموں و کشمیر میں غیر مستحکم موسم کی پیش گوئی کی ہے، 19 جون تک مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بکھرے ہوئے مقامات پر بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی، ژالہ باری اور تیز ہوائوں کی وارننگ دی ہے۔ شہر سرینگر اور وادی کے دیگر کئی علاقوں میں سنیچر کی صبح مطلع ابر آلود رہا اور اسکے بعد گرج چمک کیساتھ شدید بارش ہوئی۔ موسلا دھار بارش کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا ، تاہم بعد دوپہر ہلکی دھوپ نکل آئی اور بارش کا سلسلہ تھم گیا۔موسم کی تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق، 17 جون تک مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 18 اور 19 جون کو موسمی حالات عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اور اس دوران جموں اور کشمیر میں بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔محکمہ نے پیشین گوئی کی مدت کے دوران الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک اور ژالہ باری کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے۔حکام نے کہا کہ گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہوائیں40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، بعض علاقوں میں کبھی کبھار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔