جموں کشمیر بنک سر فہرست ،گرامین بینک دوسرے نمبر پر:رپورٹ
سرینگر// جموں و کشمیر میں غیر فعال بینک کھاتوں کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق31 دسمبر 2025 تک یونین ٹیریٹری میں غیر فعال کھاتوں کی کل تعداد بڑھ کر 4212670 ہوگئی جو کہ 31 دسمبر 2024 تک 3594074 کھاتوں کے مقابلے میں 618596 کا اضافہ ہے۔ریزرو بینک آف انڈیا کے رہنما خطوط کے مطابق بچت یا کرنٹ اکاؤنٹس کو غیر فعال سمجھا جاتا ہے اگر دوسال سے زیادہ عرصے تک کوئی گاہک کی طرف سے لین دین نہیں ہوتا ہے۔
حاصل کردہ ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ جے کے بینک 2256047 غیر فعال کھاتوں کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد جموں وکشمیر گرامین بینک (770365)، پنجاب نیشنل بینک (347734)، اسٹیٹ بینک آف انڈیا (200928) اور ایچ ڈی ایف سی بینک (100,902) ہے۔جموں وکشمیر میں کام کرنے والے دیگر 20 بینکوں میں غیر فعال کھاتوں کی تعداد ہر ایک سے ایک لاکھ سے کم ہے جبکہ یس بینک صرف 21 کھاتوں کی اطلاع دے رہا ہے۔دستاویزات کے مطابق اس سال 6 اپریل کو چیف سکریٹری کی صدارت میں ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کی میٹنگ کے دوران بینکوں میں غیر فعال کھاتوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ایل بی سی نے فیصلہ کیا کہ بینک غیر فعال/منجمد کھاتوں کی تعداد کو کم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں گے تاکہ ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر فوائد کے بغیر کسی پریشانی کے کریڈٹ کو فعال کیا جا سکے۔