محمد تسکین
بانہال // ضلع انتظامیہ رامبن نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعہ کی شام دس بجے سے صبح پانچ بجے تک مختلف مقامات پر سڑک کی میکڈم مائزیشن اور دیگر ضروری کاموں کی انجام دہی کے لیے رات کے اوقات میں عارضی طور پر ٹریفک معطل رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔شاہراہ کی بہتری کے یہ اقدامات 3 جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ یاترا کے پیش نظر کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رکھی جا سکے ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رام بن کی جانب سے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رامبن نے انتظامیہ کو مطلع کیا ہے کہ شاہراہ پر مختلف مقامات بالخصوص ناچلانہ کے حساس مقام پر سڑک کی مرمت اور میکڈم بچھانے کا کام انجام دیا جانا ہے۔ حکمنامے کے مطابق بانہال ور رام بن کے درمیان نیشنل ہائی وے کا مذکورہ حصہ 12اور 13جون، 14اور 15جون، نیز 16اور 17جون 2026 کی درمیانی راتوں میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل طور پر بند رہے گا ۔انتظامیہ نے این ایچ اے آئی کو ہدایت دی ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور موقع پر حفاظتی اقدامات، انتباہی بورڈز اور بیریکیڈنگ کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری یا حادثے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکمنامے میں سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام بن اور سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ٹریفک کی موثر نگرانی کریں۔اس دوران بات کرنے پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا شبھم یادو نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یاترا سے پہلے شاہراہ کی سطح کو بہتر کیا جارہا ہے اور کئی مقامات پر میکڈم بچھانے اور دیگر کام کو انجام دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کام کے دوران ناشری۔ چینینی ٹنل اور بانہال ٹنل کے درمیان ٹریفک رات دس بجے سے صبح پانچ بجے تک بند رہیگا اور یہ سلسلہ تین رات تک جاری رہیگا ۔انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا پر ڈگڈول اور پنتھیال کے درمیان ساڑھے تین کلومیٹر ٹنل اور رامسو اور شیر بی بی کے درمیان آٹھ سو میٹر لمبے وایا ڈکٹ کو ٹریفک کیلئے کھولاجائیگا۔دریں اثنا، ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال سریندر پال سنگھ نے کہا کہ سڑک کی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران رات 8بجے کے بعد قاضی گنڈ سے کسی بھی قسم کی ٹریفک کو جموں کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ شام 5بجے کے بعد ادھم پور سے سرینگر کی طرف کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم ڈوڈہ اور کشتواڑ جانے والاٹریفک اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگا ۔