محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں مالٹی میں پیش آنے والے ایک حادثاتی گرینیڈ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو فوجی جوانوں کو بہتر علاج و معالجے کے لئے فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے آرمی ہسپتال اْدھم پور منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد فوجی اور سول انتظامیہ متحرک ہو گئی جبکہ علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق گاؤں مالٹی میں معمول کی ڈیوٹی کے دوران اچانک ایک گرینیڈ حادثاتی طور پر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو فوجی جوان زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے فوراً بعد موقع پر موجود ساتھی اہلکاروں نے زخمی جوانوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی فوجی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد مزید خصوصی علاج کی ضرورت محسوس کی۔
فوجی ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر فضائی راستے سے آرمی ہسپتال اْدھم پور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے فوجی ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا جس کے ذریعے دونوں جوانوں کو سخت نگرانی میں اْدھم پور روانہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت مستحکم ہے اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کے علاج میں مصروف ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوجی حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر اسے ایک حادثاتی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مکمل حقائق سامنے لانے کے لیے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے زخمی فوجی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور فوج کی فوری کارروائی کو سراہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ایسے حساس علاقوں میں تعینات اہلکار انتہائی مشکل حالات میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طبی امداد اور فضائی انخلا کا مؤثر نظام بے حد اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔علاقے میں صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے اور سیکورٹی ادارے معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔